82

سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان
جیتے والے خوش نصیبوں میں 12 ملین ریال کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام اذان اور حُسنِ تِلاوت قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مقابلے میں پوری مُسلم دنیا کے موذن اور قراء حضرات شرکت کرسکتےہیں۔ مقابلہ جیتنے والے خوش نصیبوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ریال کے نقد انعامات تقسیم کیےجائیں گے۔ امریکی کرنسی میں انعامی رقم کی مالیت 32 لاکھ ڈالرسےزیادہ ہے۔ خیال رہے کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی طرف سے رواں سال جنوری میں اس مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق تفریحی ادارے کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے حسن تلاوت واذان مقابلے کے بارے میں‌ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کامقصد پوری دنیا میں تلاوت کلام پاک کے کلچر کوعام کرنا ہے کیونکہ قرآن پاک اپنے صوتی حسن، اپنے معنوی اور روحانی اثرات اور سامع پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اپنی امتیازی خصوصیت رکھتا ہے۔ اس مقابلے کے انعقاد سےعالمی سطح پر قرآن پاک، علوم قرآن اور اس کتاب اللہ کی رشد وہدایت پرمبنی تعلیمات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنےوالے خوش نصیب کو 50 لاکھ ریال، دوسرے کو 20 لاکھ اور تیسرے کو 10 لاکھ ریال کی رقم جب کہ چوتھے نمبر پرآنے والے کو پانچ لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائےگی۔

تلاوت کلام پاک کے ساتھ ساتھ اذان کے مقابلے کا مقصد دُنیا بھر میں اذان کی اہمیت اور حرم نبوی الشریف میں میں بلند ہونے والی اذان کی آواز کو دور دور تک پہنچانا ہے۔ اذان کے مقابلے میں پہلے پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20 لاکھ ریال، دوسرے کو 10 لاکھ، تیسرے کو نصف ملین اور چوتھے درجے پرآنے والے موذن کو اڑھائی لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائے گی۔

تلاوت قرآن اور اذان کے عالمی مقابلے میں حصہ لینے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے۔ دلچسپی رکھنے والے قراء حضرات https://quranathanawards.com. پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔
بشکریہ العربیہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں