165

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز

اسلام آباد ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے تاریخی دورے  کے موقع پر اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’نشانِ پاکستان‘‘ سے نوازا گیا ہے۔ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں صدر عارف علوی نے شہزادہ محمد کو اس اعزاز سے نوازا ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے نشانِ پاکستان کا اعزاز وصول پانے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی تعمیر وترقی میں پاکستانی تارکینِ وطن کے کردار کو سراہا اور بالخصوص مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے توسیعی منصوبوں میں پاکستانیوں کے کام کی تعریف کی۔

انھوں نے کہا کہ ’’اس وقت بیس لاکھ سے زیادہ پاکستانی مملکت سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں اور وہ سعودی عرب اور پاکستان دونوں کی تعمیر وترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں‘‘۔

انھوں نے قیامِ پاکستان کے بعد سے اس برادر ملک کے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی دوستانہ اور والہانہ تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ دونوں کے درمیان برادرانہ تعلقات اسلامی یک جہتی کے اصول پر مبنی ہیں اور ان کے شاندار دو طرفہ تعلقات دوسری اقوام کے لیے بھی ایک مثال اور نمونے کی حیثیت رکھتے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان کےاس سرکاری دورے کے موقع پر اتوار کو سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق 20 ارب ڈالرز مالیت کی مفاہمت کی یادداشتیں طے پائی ہیں۔ ان سمجھوتوں کے تحت سعودی عرب پاکستان میں توانائی ، معدنیات ،تیل اور پیٹروکیمیکلز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔

سعودی ولی عہد اپنا دو روزہ دورہ مکمل کرکے پاکستان سے روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کی اگلی منزل بھارت ہے ۔اس کے بعد وہ چین کا دور ہ کریں گے اور توقع ہے کہ وہ جمعہ کو چین کے دورے کے بعد واپس سعودی عرب روانہ ہوجائیں گے۔ایشیائی ملکوں کا ان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں